انمول بلوچ نے اداکاری کی کوئی تربیت حاصل نہیں کی نہ کبھی سکول یا کالج کے ڈرامہ میں شریک ہوئیں لیکن انھیں ایکٹنگ کا شوق تھا۔ بی بی سی اُردو سے بات کرتے ہوئے انمول بلوچ نے بتایا کہ انھوں نے فیس بک پر آئی ڈی بنائی اور ’اس پر لکھ دیا ایکٹر اور اس پر کچھ سیلفیز لگا دیں لیکن اس وقت تک میرے پاس کوئی کام نہیں تھا۔‘ 'ڈائریکٹر محسن مرزا نے مجھے کال کی اور کہا کہ میرا ایک پراجیکٹ چل رہا ہے اس میں ایک کیریکٹر ہے اور مجھے ایسا لگتا ہے کہ وہ آپ کر سکتی ہیں۔ میں نے سوچا پتہ نہیں کون ہیں۔ مذاق کر رہے ہیں۔ میں نے پھر ان کی پروفائل دیکھی۔ انھوں نے کافی اچھے اچھے پراجیکٹ کیے ہوئے تھے۔ میں نے امی سے پوچھا تو انھوں نے کہا کہ نہیں نہیں، کیا ہو گیا ہے تمھیں۔‘ انمول بلوچ بتاتی ہیں کہ والدہ کی مخالفت کے باوجود انھوں نے محسن مرزا سے رابطہ کیا اور پوچھا کہ کہاں آنا ہے جس پر جواب ملا کہ گھر آ جائیں۔ وہ تھوڑا نروس ہوئیں کیونکہ ’شوٹ کے لیے تو آفس بلانا چاہیے تھا۔‘